لاہور: (دنیا نیوز) چینی کی قیمتوں اور سٹہ بازی کو کنٹرول کرنے کے لیے پنجاب فوڈ سٹف (شوگر) آرڈر 2023 کا نفاذ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مزکورہ آرڈر کا پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق سٹہ بازی کے لیے رکھی گئی چینی ضبط ہوگی۔
ضبط شدہ چینی کو مقررہ قیمت پر فروخت کر کے رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائے گی، سٹہ بازی میں ملوث شوگر مل مالک اور ڈیلر کے خلاف مقدمات درج ہوں گے، سزا تین سال قید بامشقت ہوگی۔
کین کمشنر کو چینی کی ایکس مل قیمت کے تعین کا اختیار دے دیا گیا، ڈپٹی کمشنر کو چینی کی خوردہ قیمت کا اختیار دے دیا گیا۔
دوسری جانب حکومت پنجاب کے مختلف افسران کو چھاپہ مارنے کے اختیارات تفویض کردیے گئے، محکمہ خوراک نے سٹہ بازی کے لیے رکھی گئی چینی کے ڈیلرز کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔