چیئرمین واپڈا کا زیر تعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ، کام مقررہ وقت میں مکمل کرنیکی ہدایت

Published On 07 September,2023 08:13 pm

سوات: (دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے زیر تعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا اور کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین واپڈا نے ڈائی ورشن سکیم سمیت پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، چیئرمین واپڈا نے کنٹریکٹرز کو آئندہ لو فلو سیزن میں ڈائی ورشن سکیم کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی، چیئرمین واپڈا نے کہا مہمند ڈیم کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کے لئے اہم اہداف کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔

سجاد غنی نے واپڈا کی پراجیکٹ ٹیم کو اہم اہداف کی تکمیل کے لئے مربوط کوششیں کرنے کی ہدایت کی، پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین واپڈا کو منصوبے پر پیش رفت بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا دریائے سوات پر زیر تعمیر مہمند ڈیم ایک کثیرالمقاصد منصوبہ ہے، مہمند ڈیم پراجیکٹ کی تکمیل 2026-27 میں شیڈول ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا مہمند ڈیم کی بدولت 18 ہزار ایکڑ نئی اراضی سیراب ہوگی، ڈیم کی تکمیل پر1لاکھ 60 ہزار ایکڑ موجودہ اراضی کو اضافی پانی فراہم ہوگا، مہمند ڈیم میں 1.2 ملین ایکڑ پانی ذخیرہ کی گنجائش موجود، 800 میگاواٹ سستی پن بجلی میسر ہوگی، منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال 2 ارب 86 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرے گا۔
 

Advertisement