اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا پاک ایتھوپیا تعلقات میں اضافے سے دونوں ممالک کی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے نئے سال کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ نے گورنر سندھ کا استقبال کیا، اس موقع پر باہمی تعلقات کے فروغ، تجارت میں اضافہ، مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے ایتھوپیا کے سفیراور عوام کو نئے سال کی مبارکباد دی، کامران ٹیسوری نے کہا پاک ایتھوپیا تعلقات میں اضافے سے دونوں ممالک کی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا، ایتھوپین ایئر لائنز کے آغاز سے دونوں ممالک کے عوام کو قریب آنے کا موقع ملا ہے۔
ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ نے کہا پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، باہمی تعلقات کے فروغ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کردار قابل ستائش ہے۔