اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی، سرفراز بگٹی،محمد علی، گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ خلیج تعاون کونسل سے آزادانہ تجارت معاہدہ طے پا گیا، جلد مختلف ممالک سے سرمایہ کاری آنا شروع ہو جائے گی۔
وفاقی وزرا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پورا ہفتہ ہم جی سی سی اجلاس میں شریک ہوئے، چودہ سال بعد پاکستان کے ساتھ جی سی سی ممالک نے فری تجارتی معاہدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی سی سی کی ایک ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ ہے، پاکستان 19 ارب ڈالر کی انرجی امپورٹ کرتا ہے، فری تجارتی معاہدے کا مقصد اس مارکیٹ سے استفادہ کرنا ہے، اس معاہدے میں سعودی عرب نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب ریونیو اتھارٹی کا ماسٹر فرنچائزرز سے ٹیکس وصولی کا فیصلہ
گوہر اعجاز نے کہا کہ جی سی سی ممالک نے کسی ملک کے ساتھ پہلا معاہد ہ کیا ہے، سعودی عرب میں صنعتوں کے لئے ٹیکنیکل افرادی قوت سے متعلق بات ہوئی ہے، صنعت کو سردیوں میں انرجی ترجیحی بنیادوں پر ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ٹرانزٹ ٹریڈ کا صحیح قانون بنا دیا ہے، سمگلنگ والے آئٹمز سے متعلق منفی لسٹ بنا دی گئی ہے، افغانستان کی جینوئن ضرورت کے بارے میں خیال رکھا جائے گا، سمندر پار پاکستانیوں کا پیسہ افغانیوں کے ٹرانزٹ ممکن بنا رہا تھا۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ ہنڈی حوالہ کا کام کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ہے، اگست میں کرنسی 285 سے بڑھ کر 330 روپے تک پہنچ گئی، سمگلنگ کو روکنے پر روپے قدر میں بہتری ہوئی، سب اداروں نے مل کر کام کیا تو آج ہم سیدھے راستے پر چل پڑے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کاٹن کی ایک کروڑ بیس لاکھ بیلز کی فصل ہو گی، نگران کابینہ پوری نیت سے بہتری کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لائیو سٹاک، زراعت اور زرعی مشینری کے اعداد و شمار اکٹھے کرنے کا فیصلہ
وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ بجلی چوروں، نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ابھی تک 16 ارب روپے ریکور کئے ہیں، ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹر تبدیل کر رہے ہیں، ڈسکوز کو طویل المدتی کنسیشن پر نجی سیکٹر کے حوالے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر تک ایل این جی کے دو کارگوز فائنل کر دیئے ہیں، صنعت کے لئے گیس کی لوڈشیڈنگ کم ہو گی۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج چمن سرحد پر حملہ کیا گیا، ہماری فورسز نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، کل سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 10 دہشتگرد مارے گئے ہیں، ہم دہشت گردی کی جنگ جیتیں گے۔