اسلام آباد: (دنیا نیوز) سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں نجکاری کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جاری مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، عبوری وفاقی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی۔
صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی، شرکا کو سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سہولیات کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سرمایہ کاری، اصلاحاتی عمل میں تعطل اور سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا، خزانے کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے نجکاری کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملکی معیشت کی بحالی و ترقی کیلئے پاک فوج کے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا، کمیٹی نے اہداف کے حصول کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے مختلف وزارتوں کے سرمایہ کاری کے فروغ اور ملکی معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب ریونیو اتھارٹی کا ماسٹر فرنچائزرز سے ٹیکس وصولی کا فیصلہ
انوار الحق کاکڑ نے وزارتوں کو ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ کو مرکزی حیثیت قرار دیا، وزیر اعظم نے ایسے اقدامات جاری رکھ کر ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی اہمیت پر زور دیا۔