اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس شروع ہو گیا ہے، ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی ہے، اجلاس میں وفاقی وزراء اور عسکری حکام سمیت چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز بھی شریک ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملک میں سرمایہ کاری کے لئے سہولیات کا جائزہ لیا جارہا ہے، سعودی عرب، چین سمیت خلیجی ممالک کی مختلف منصوبوں میں دلچسپی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق قابل عمل منصوبوں کی منظوری دی جائے گی، ٹیلی کام سیکٹر میں اضافی سپکٹرم کی نیلامی سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ معدنیات، زراعت، کان کنی سمیت مختلف شعبہ جات میں منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔