سٹیل ملز ڈیتھ اثاثہ قرار، ڈسکوز کو ٹھیکہ پر دینے کا فیصلہ کر لیا: فواد حسن فواد

Published On 10 October,2023 08:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہا کہ سٹیل ملز ڈیتھ اثاثہ ہے، پی آئی اے کی جلد نجکاری اور ڈسکوز کو ٹھیکہ پر دینے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہا کہ سٹیل ملز کو موجودہ کپیسٹی پر چلانے کیلئے 585 ملین ڈالر کی ضرورت ہے، سٹیل ملز کی مکمل پیداوار 3.2 ملین ٹن سریا پیدا کرنے کیلئے 1.4 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کو لانگ ٹرم کیلئے ٹھیکے پر دیئے جانے کی سمری آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کریں گے، ممکن ہے دسمبر یا جنوری کے دوران یورپین ممالک کو پاکستان سے فلائٹ بحال ہو جائے گی۔

فواد حسن فواد نے کہا کہ 2018ء سے 2019ء تک سرکاری اداروں پر 2 ہزار 542 ارب خرچ ہوئے، 2020ء تک اداروں کے نقصانات جی ڈی پی کے 7 فیصد کے مساوی ہیں، اس وقت تک حکومتی ملکیتی اداروں کے نقصانات زیادہ بڑھ چکے ہیں، پی آئی اے، سٹیل ملز سمیت 15 اداروں کے ذمہ 2 ہزار 65 ارب قرض ہے، پی آئی اے 2012ء سے اب تک 7 ارب ڈالر سے زیادہ کے نقصانات کر چکی ہے، اس رقم سے 10 یونیورسٹیز، بھاشا ڈیم یا ایم ایل ون کا پورا ٹریک بن سکتا تھا۔

وزیر نجکاری نے کہا کہ پی آئی اے کے جون 2023ء تک مجموعی نقصانات 713 ارب تک پہنچ گئے، پی آئی اے کے ذمہ حکومتی گارنٹی بیسڈ قرضہ 263 ارب روپے ہے، نگران حکومت بھی پی آئی اے کیلئے 18 ارب روپے جاری کر چکی ہے، پی آئی اے ماہانہ 12.77 ارب اور یومیہ 50 کروڑ روپے نقصان کر رہا ہے۔

فواد حسن فواد کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کو 4 سال میں 1125 ارب روپے کی گرانٹس، سبسڈیز دی گئیں، پی آئی اے کے 34 جہازوں میں سے 15 گراؤنڈ، 6 لیز شدہ جہازوں کا ماہانہ خرچہ 20 لاکھ ڈالر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف سرکاری اداروں کیلئے 779 ارب روپے کے بانڈز جاری کئے گئے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات 600 ارب تک پہنچ گئے ہیں، ملکی اکانومی کو اوپن کرنے کیلئے سابق حکومتوں کی کارکردگی بہتر نہیں رہی۔