قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں دیکھ رہا ہوں: وہاب ریاض

Published On 10 October,2023 07:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں دیکھ رہا ہوں، ہم ہمیشہ سے ایسے ہی گرتے گراتے سیمی فائنل تک پہنچ جاتے ہیں۔

نگران مشیر کھیل وہاب ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ بہت اہم ہے، ہمیں اپنی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کرنا چاہئے، بھارت میں خالی سٹیڈیمز میں میچز ہو رہے ہیں،صرف بھارت میں رہنے والے لوگ سٹیڈیمز آ رہے ہیں، باہر سے کسی ملک کے شائقین سٹیڈیمز میں نہیں آ رہے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ آسٹریلیا میں میچز ہوں تو کراؤڈ فل ہوتا ہے، خالی سٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے میچز کا مزہ نہیں آتا، یہ بھارت کے لیے یہ نقصان دہ ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ویزوں کا معاملہ، بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی صحافیوں سے رابطہ کرلیا

بھارتی ویزوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پی سی بی کا بھارت کے سامنے احتجاج کا کوئی فائدہ نہیں، بھارت نے ویزے جاری کرنے ہوتے تو اب تک جاری کر چکا ہوتا۔

نگران مشیر کھیل کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں اب ہمارے کھلاڑیوں کو کچھ کرنا ہو گا، فخر زمان ٹیم کا اثاثہ ہیں، فارم کا ایشو ہر کھلاڑی کے ساتھ ہو سکتا ہے، ہمیں فخر کو سپورٹ کرنا چاہیے، وہ اکیلے میچ جتوا سکتا ہے۔

سنٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ میرے تجربے کے مطابق پی سی بی نے کبھی تین سال کا سنٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا، سننے میں آ رہا تھا کہ کھلاڑی سنٹرل کنٹریکٹ پر سائن نہیں کر رہے تھے، بورڈ نے سنٹرل کنٹریکٹ میں یہ شق ڈالی ہو کہ پرفارمنس نا دی تو سنٹرل کنٹریکٹ واپس ہوجائے گا۔