حیدر آباد دکن: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ 2023ء میں گرین شرٹس کا آج دوسرا امتحان ہے، قومی کرکٹ ٹیم کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا، پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنے دوسرے میچ میں آج سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے حیدر آباد کے راجیو گاندھی سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔
قومی ٹیم نے دوسرے میچ سے قبل بھر پور تیاری کی، پاکستانی ٹیم کے 9 کھلاڑیوں نے آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں، فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
قومی ٹیم کو سری لنکا پر برتری حاصل
پاکستان نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں نیدر لینڈز کو 81 رنز سے شکست دی تھی جبکہ سری لنکا کو جنوبی افریقہ نے 102رنز سے ہرایا تھا، قومی ٹیم کو سری لنکا پر برتری حاصل ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 156ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں، قومی ٹیم نے 92 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ سری لنکا نے 59 میچز جیتے، دونوں ٹیموں کے درمیان ایک میچ برابر رہا جبکہ چار میچز بغیر نتیجہ رہے۔
ورلڈ کپ میچز میں بھی پاکستان کو سری لنکا پر برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ میں آٹھ بار آمنے سامنے آئیں اور گرین شرٹس نے سات میچز اپنے نام کیے جبکہ ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔