چنئی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ورلڈ کپ میں تیز ترین 1000 رنز بنا کر سچن ٹنڈولکر اور اے بی ڈی ویلیئرز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
بھارت کے شہر چنئی میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ پانچویں میچ میں آسٹریلیا کے اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیز ترین 1000 رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔
بھارتی لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے 1000 رنز 20 اننگز میں بنائے تھے تاہم ڈیوڈ وارنر نے یہ کارنامہ اپنی 19 ویں اننگز میں انجام دیکر ان دونوں مایہ بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے اپنے ورلڈ کپ کیریئر کی 19 اننگز میں 60.76 کی اوسط سے تین نصف سنچریوں اور چار سنچریوں کے ساتھ مجموعی طور پر 1033 رنز بنائے ہیں جس کے بعد وہ ایڈم گلکرسٹ اور رکی پونٹنگ کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے تیسرے آسٹریلوی بلے باز بن گئے ہیں۔