چنئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بھارتی شہر چنئی کے چدم بھرم سٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم آخری اوور کی تیسری گیند پر 199 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے 3، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ نے 2، 2 جبکہ ایشون، محمد سراج اور پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت نے آسٹریلیا کی جانب سے ملنے والا 200 رنز کا ہدف 41.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
— ICC Cricket World Cup (@cricketworldcup) October 8, 2023
200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی جانب سے اننگز کا مایوس کن آغاز کیا گیا، بھارت کے پہلے تین کھلاڑی 2 رنز کے مجموعی سکور پر بغیر کوئی رن سکور کیے پویلین لوٹ گئے، ایشان کشن ، کپتان روہت شرما اور شریاس صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی اور کےایل راہول نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا تاہم ویرات کوہلی 85 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ کے ایل راہول 97 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے، آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3 جبکہ مچل سٹارک نے 1 وکٹ حاصل کی۔
— BCCI (@BCCI) October 8, 2023
دوسری جانب پہلی اننگز میں میچ کے آغاز پر ہی آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 5 رنز پر گر گئی، آسٹریلوی اوپنر مچل مارش بغیر کوئی سکور بنائے جسپریت بمراہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 74 رنز پر گری، ڈیوڈ وارنر 52 گیندوں پر 41 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کا شکار بنے، اسٹیو سمتھ بھی بیٹنگ لائن کو مضبوط سہارا نہ دے سکے اور 46 رنز بنا کر رویندرا جڈیجا کی گیند بولڈ ہوگئے۔
کینگروز کی چوتھی وکٹ 119 رنز کے مجموعی سکور پر گری، آسٹریلوی بلے باز لبوشین 27 رنز بنا کر رویندرا جڈیجا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ایلکس کیری بغیر کھاتے کھولے صفر پر آوٹ جبکہ گلین میکسویل 15 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ 140 رنز کے مجموعی سکور پر گری، کیمرون گرین 8 رنز، ، کپتان پیٹ کمنز 15 ، ایڈم زمپا 6، اور مچل سٹارک 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔