دبئی : (دنیانیوز ) کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے موجود سپورٹس پریزینٹر زینب عباس مبینہ طور پر سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت چھوڑ کر دبئی روانہ ہوگئی ہیں۔
بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے کبھی باز نہ آیا، اس بار مہمان نوازی میں بھی فیل ہوگیا ، سپورٹس پریزینٹر زینب عباس بھارت میں جھوٹے مقدمے کے بعد ورلڈ کپ چھوڑ کر دبئی روانہ ہوگئی ہیں، آئی سی سی نے تصدیق کردی ۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی بھی بھارتی پروپیگنڈے کے آگے بے بس دکھائی دے رہا ہے۔
بھارت روانہ ہونے سے قبل زینب عباس نے سماجی پلیٹ فارم (ایکس) پر لکھا تھا کہ بھارت میں کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں بطور پریزینٹر شرکت ان کے لیے باعث مسرت ہے۔
There was always intrigue on what lies on the other side, more cultural similarities than differences, rivals on the field but camaraderie off the field, the same language & love for art & a country with a billion people, here to represent, to create content & bring in expertise… pic.twitter.com/dvoRUASpmm
— zainab abbas (@ZAbbasOfficial) October 2, 2023
بھارت جانے کے بعد زینب عباس سے متعلق تنازع کا آغاز اس وقت ہوا جب بھارتی سپریم کورٹ کے وکیل ونیت جندال نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے زینب عباس پر ہندو مذہب اور بھارت کے خلاف سوشل میڈیا پر پیغامات لکھنے کا الزام عائد کیا تھا۔
زینب عباس کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا بنایا گیا ، بھارتی وکیل کا دعویٰ ہے کہ زینب عباس نے 8 سال قبل بھارت اور بھارتی مذہب کے خلاف ٹویٹس کئے تھے۔
ابھی تک اس ساری صورتحال پر زینب عباس کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوئی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آ سکی۔
خیال رہے کہ زینب عباس نے 2019 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی میزبانی کے فرائض سر انجام دیے تھے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایونٹس کے فرائض بھی نبھاتی رہی ہیں ۔
انہوں نے 2015 میں دنیا ٹی وی سے ہی سپورٹس رپورٹر کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد وہ متعدد بھارتی سپورٹس چینلز پر بھی رپورٹنگ اور میزبانی کرتی دکھائی دیں۔
زینب عباس فرسٹ کلاس کرکٹر ناصر عباس اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عندلیب عباس کی صاحبزادی ہیں ۔
زینب عباس کے شوہر حمزہ کاردار سابق وزیر خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر شاہد حفیظ کاردار کے بیٹے ہیں، وہ متعدد انٹرنیشنل سیریز اور ایونٹس میں بطور پریزینٹر کام کرتی ہیں۔