نئی دہلی: (دنیا نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں بھارتی کپتان روہت شرما نے افغانستان کیخلاف میچ میں بڑے ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔
بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ کے نویں میچ میں افغانستان کیخلاف روہت شرما نے 84 گیندوں پر 5 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ساتھ ہی دو بڑے ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما ورلڈ کپ کے میچز میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے۔
— BCCI (@BCCI) October 11, 2023
روہت شرما نے افغانستان کے خلاف سنچری بنا کر ورلڈ کپ کے میچز میں ساتویں سنچری بنائی ہے، اس سے قبل بھارت کے سابق سٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر نے ورلڈ کپ میچز میں 6سنچریاں بنائی تھیں۔
دوسری جانب بھارتی اوپنر روہت شرما انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، انہوں نے تمام فارمیٹس کے بین الاقوامی میچز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا۔
روہت شرما اب 554 چھکوں کے ساتھ پہلے، کرس گیل 553 چھکوں کے ساتھ دوسرے اور شاہد آفریدی 476 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔