حیدر آباد دکن: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق کی ناقص پرفارمنس کا سلسلہ نہ رک سکا، عالمی ایونٹ کے دونوں میچز میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق جن کے حوالے سے سفارشی ہونے کی باتیں زبان زد عام ہیں، وہ عالمی ایونٹ سے قبل ہونے والے وارم اپ میچز میں ناکام رہنے کے بعد ورلڈ کپ کے ابتدائی دو میچوں میں بھی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: رضوان اور عبد اللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ پر سابق بھارتی کرکٹرز کی کھل کر تعریف
امام الحق نے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں کمزور نیدر لینڈز کیخلاف صرف 15 رنز بنائے تھے، وہ سری لنکا کیخلاف بھی بیٹنگ میں نہ چل سکے اور 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آئی لینڈرز کیخلاف کھیلے گئے اہم میچ میں امام الحق کی جانب سے بیٹنگ میں خراب پرفارمنس کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ میں بھی بری کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔
اوپنر بیٹر امام الحق نے عالمی ایونٹ کے 8 ویں میچ میں نہ صرف غلط وقت پر غلط شارٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوائی اور قومی ٹیم کو مشکل میں ڈالا بلکہ اہم موقع پر سری لنکا کے بیٹر کوشل مینڈس کا کیچ بھی چھوڑا جس کے بعد سری لنکن بیٹر نے 122رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر پاکستان کو 344 رنز کا بڑا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اوپنر بیٹر عبد اللہ شفیق نے ورلڈ کپ کے ڈیبیو میچ میں اپنی دھاک بٹھا دی
ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ امام الحق کی وجہ سے ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی ہو اس سے قبل بھی 2019ء کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف وہ اہم میچ میں اہم موقع پر غلط شارٹ کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کا خمیازہ پاکستان کو شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا تھا۔