سیاسی رہنماؤں کی سری لنکا کیخلاف شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد

Published On 10 October,2023 11:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت کے شہر حیدر آباد میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا کیخلاف شاندار کامیابی اور نئی تاریخ رقم کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو میچ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ، ورلڈ کرکٹ کپ میں یہ پاکستانی ٹیم کی دوسری کامیابی ہے ، کشمیری عوام اپنی پاک کرکٹ ٹیم کیلیے دعاگو رہتے ہیں ، ایک بڑا ٹارکٹ پورا کرنے سے پاک ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے قومی ٹیم کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف بڑے ہدف کے حصول میں عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے نمایاں کردار ادا کیا، امید ہے قومی کرکٹ ٹیم ںھارت کے خلاف بھی اسی جذبہ سے کھیلے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ہدف کا حصول، شاہینوں نے ریکارڈز کی بھرمار کر دی

 ویلڈن شاہینو ویلڈن  نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف شاندار جیت پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کرکے تاریخ رقم کی۔

انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے سری لنکا کو آوٹ کلاس کرکے قوم کے دل جیت لئے، پاکستانی بلے بازوں نے بڑے ہدف کو حاصل کرکے جیت اپنے نام کی ،میرا یقین ہے کہ ٹیم ورک کا رزلٹ ہمیشہ مثبت آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ : پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے بھی قومی ٹیم کی فتح پر مبارکباد پیش کی ، انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کا سری لنکا سے بڑا ہدف حاصل کرنا ورلڈ کپ جیت کے عزم کا اعادہ ہے، قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، قوم کامیابی کیلئے دعا گو ہے، قومی ٹیم کی فتح کو مظلوم فلسطینی بھائیوں کے نام کرتے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی جانب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں بہترین کھیل کا مظاہرہ قابل ستائش ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ورلڈکپ مقابلوں کی تاریخ کے سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کرکے قومی کرکٹ ٹیم نے ثابت کردیا کہ وہ پانسہ پلٹنے کیلئے ہندوستان آئے ہیں، گرین شرٹس کے ساتھ پوری قوم کی دعائیں ہیں، انشاء اللہ پاکستان کے کھلاڑی ہندوستان سے جیت کر لوٹیں گے۔