لاہور: (فرحان نذیر) ورلڈ کپ 2023ء کے آٹھویں میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا اور ساتھ کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کر لیے۔
اس سے قبل ورلڈ کپ 2011ء میں سب سے بڑا 328 رنز کا ہدف آئرلینڈ نے انگلینڈ کیخلاف حاصل کیا تھا، 2019ء میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 322، 2015ء میں بنگلہ دیش نے سکاٹ لینڈ کیخلاف 319 اور 1992ء میں سری لنکا نے زمبابوے کیخلاف 313 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان سری لنکا سے کوئی میچ ہارے بغیر لگاتار 8 میچ جیتنے والا پہلا ملک بن گیا جبکہ بھارت پاکستان کو لگاتار 7 مرتبہ ہرانے والا دوسرا ملک ہے، تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز 6 بار لگاتار زمبابوے کو ہرا چکا ہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 10, 2023
ایک ون ڈے میچ میں سب سے زیادہ سنچریاں بننے کا ریکارڈ بھی برابر ہو گیا، اس سے قبل 1998ء میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لاہور میں کھیلے گئے میچ میں 4 سنچریاں سکور ہوئی تھیں، پھر 2013ء میں انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان ناگپور میں کھیلے گئے میچ میں 4 سنچریاں بنی تھیں۔
محمد رضوان کی جانب سے بنائے گئے 131 رنز پاکستان کے کسی بھی وکٹ کیپر کے ون ڈے میں بنائے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں، اس سے قبل کامران اکمل نے 2005ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 124، کامران اکمل ہی نے آسٹریلیا کیخلاف 2009ء میں 116 اور محمد رضوان نے 2019ء میں آسٹریلیا کیخلاف 115 رنز بنائے تھے۔