چنئی: (دنیا نیوز) بھارت کی کرکٹ ٹیم کے اہم بیٹر شبمن گل کی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈینگی بخار میں مبتلا شبمن گل کو ہسپتال داخل کردیا گیا ہے، ان کے پلیٹ لیٹس کم ہونے کے بعد انہیں احتیاطی طور پر چنئی کے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شبمن گل کو پیر کے روز ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، بھارتی کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل مسلسل شبمن گل کی نگرانی کر رہا ہے۔
شبمن گل پاکستان کے خلاف میچ سے بھی باہر ہو سکتے ہیں، اگر وہ ٹھیک ہو جاتے ہیں تو وہ چنئی سے ڈائریکٹ احمد آباد جائیں گے۔
واضح رہے کہ شبمن گل نے ڈینگی بخار کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف میچ نہیں کھیلا تھا اور وہ افغانستان کے خلاف میچ سے بھی باہر ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ 2023 کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔