اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے شپ یارڈز کی تعمیر کے منصوبے تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت پاکستان میں بحری جہازوں کی تعمیر کے پالیسی بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں شپ یارڈز کی تعمیر کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ بلوچستان میں سور بندر، ایسٹ بے، کپّر اور پشو خان کے مقامات پر شپ یارڈز تعمیرکی جا سکتی ہیں، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ملک میں مزید شپ یارڈز کی تعمیر کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو شپ یارڈز کی تعمیر کے منصوبوں میں ماحولیاتی عنصر کو ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے متعلقہ حکام کو ساحلی علاقوں میں غیر قانونی ٹرالنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔