اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی سالانہ میٹنگز کے دوران نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے مینجنگ ڈائریکٹرز سمیت دیگر عالمی اداروں کے حکام سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
مراکش میں عالمی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کی سالانہ میٹنگز میں نگران وزیر خزانہ نے مینجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کے سینئر مینجنگ ڈائریکٹر، گلوبل فنانسنگ ایجنسی سروسز موڈیز کے حکام اور آزاد کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔
مینجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف سے ملاقات
مینجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے مختلف ممالک کے وزرائے خزانہ کے ساتھ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی سربراہی کی، نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر اور گورنر سٹیٹ بینک نے بھی وزرائے خزانہ اجلاس میں شرکت کی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ڈاکٹر شمشاد اختر کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں عالمی اقتصادی مسائل اور مالی استحکام سے متعلق گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر نگران وزیر خزانہ نے معاشی خوشحالی اور عالمی مالیاتی تعاون کیلئے مضبوط عزم کا اظہار کیا، مالی استحکام کو مضبوط بنانے کیلئے باہمی تعاون پر مبنی کوششوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔
سینئر مینجنگ ڈائریکٹر ورلڈ بینک سے ملاقات
نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی ورلڈ بینک کے سینئر مینجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی جس میں مالی استحکام، محصولات سے متعلق اصلاحات پر گفتگو کی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں اقتصادی پیشرفت سے متعلق اہم امور بھی شامل تھے، دونوں فریقین نے اقتصادی تعاون اور پیشرفت کو تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
موڈیز کے حکام سے ملاقات
وزارت خزانہ کے مطابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی گلوبل فنانسنگ ایجنسی سروسز موڈیز کے حکام سے بھی ملاقات ہوئی جس میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو ہوئی، ڈاکٹر شمشاد اختر نے عالمی مالیاتی مارکیٹ میں مثبت کریڈٹ ریٹنگ پر شفافیت کیلئے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔
ایس اینڈ پی گلوبل کے حکام سے ملاقات
نگران وزیر خزانہ کی آزاد کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل کے حکام سے بھی ملاقات ہوئی جس میں مالیاتی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کی جانب سے مضبوط عزم کا اظہار کیا گیا، نگران وزیر خزانہ نے پائیدار اقتصادی ترقی میں اصلاحات کے نفاذ کیلئے حکومتی عزم پر زور دیا۔