نگران خیبر پختونخوا حکومت نے اگلے 4 ماہ کیلئے ترقیاتی بجٹ تیار کر لیا

Published On 26 October,2023 12:29 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کی نگران حکومت نے اگلے 4 ماہ کیلئے ترقیاتی بجٹ تیار کر لیا جس کی دستاویز دنیا نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا میں آئندہ 4 ماہ کیلئے 529 ارب روپے کا بجٹ تجویز کیا گیا ہے، اخراجات جاریہ کیلئے 417 ارب روپے جبکہ ترقیاتی اخراجات کیلئے 112 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

صوبے کو فیڈرل ٹرانسفر سے 298 ارب روپے ملنے کی توقع ہے، پن بجلی خالص منافع کی مد میں 27 ارب روپے اور ضم شدہ اضلاع آمدن کی مد میں 42 ارب روپے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں نئی آسامیوں کی تخلیق اور نئی مشینری کی خریداری پر پابندی ہوگی، ایمبولینسز، فائر ٹرک، بسیں، قیدیوں کی وینز، موٹر سائیکلیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

علاوہ ازیں صوبائی فنڈ سے بیرون ملک ورکشاپ، سیمینار اور ٹریننگ پر پابندی ہوگی، فائیو سٹار ہوٹلز میں سیمینار اور ورکشاپ پر بھی پابندی ہوگی جبکہ حکومتی اخراجات پر بیرونی ملک علاج کروانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

دنیا نیوز کو موصول ہونے والی بجٹ دستاویز کے مطابق اخراجات کو جاری کردہ فنڈز تک محدود رکھا جائے گا، انتظامی محکمے اضافی یا ضمنی گرانٹس کی مد میں فنڈ خرچ نہیں کریں گے۔

محکمہ خزانہ کی پیشگی اجازت کے بغیر کسی ترقیاتی سکیم پر غور نہیں ہوگا، کوئی بھی محکمہ بینک کھاتوں میں رسیدیں جمع نہیں کروائے گا، تمام رسیدیں فوری طور پر صوبائی حکومت کے اکاؤنٹ میں جمع کروائی جائیں گی۔