پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد افغانستان سے تعلق رکھنے والے 2 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پشاور کے علاقے ناصر باغ روڈ پر پولیس نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فرار ہوتے ہوئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے تعاقب کیا تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا، کراس فائرنگ کے دوران پولیس محفوظ رہی جبکہ دو ڈکیت گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا، ملزموں کی شناخت ابرار عرف بیدارک اور امیر خان عرف ماہر کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزموں کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان سے ہے، گرفتار ڈاکو متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزموں کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے دو عدد پستول اور موٹرسائیکل سمیت 2 قیمتی فونز بھی برآمد کر لیے، ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ برآمد ہونے والی موٹرسائیکل تھانہ کیمپس کی حدود سے چھینی گئی ہے۔