کراچی: (دنیا نیوز) ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی ) محمد کلیم نے کہا ہے کہ شہر سے گاڑیاں چوری کرنے اور چھیننے کی وارداتوں میں کباڑیے ملوث ہیں، اعلیٰ حکام کے حکم پر کباڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی محمد کلیم نے بتایا کہ اے وی ایل سی نے گاڑیاں چوری کرنے والے کباڑیوں کے گروہ کو دھر لیا، اے وی ایل سی لیاری نے موٹرسائیکل کے کباڑیوں کا گروہ بھی پکڑا ہے۔
محمد کلیم نے کہا کہ گزشتہ دنوں ایک زخمی ملزم کا ریکارڈ چیک کیا گیا، ملزم کے لنک سے ایک اور ملزم راجہ کو گرفتار کیا گیا، ملزم راجہ کباڑیہ ہے اور چوری اور چھینی ہوئی گاڑیاں لیتا ہے، ملزمان سے 4 گاڑیاں اور ایک ڈھانچہ ملا ہے، ملزمان سے بڑی تعداد میں سپیئر پارٹس بھی ملے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کا مقدمہ: خرم دستگیر سمیت تینوں ملزم بری
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے زیادہ گاڑیاں پنچ کر کے فروخت کر دی ہیں، لیاری سے تین موٹرسائیکل لفٹر دھرے گئے، ملزمان کی نشاندہی پر 4 کباڑی بھی گرفتار ہوئے، دو گروپوں کے 17 ملزمان اب تک گرفتار ہیں۔
ایس ایس پی محمد کلیم نے کہا کہ کچھ ملزمان ایسے ہیں جو پہلے بھی جیل جا چکے ہیں، اب تک 20 سے زائد گاڑیاں ملزم چوری کر چکے ہیں، ملزمان ایک منظم نیٹ ورک کے طور پر کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کے بعد چوری کی وارداتوں میں کمی آئے گی، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔