کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ساڑھے 6 گھنٹے کے اندر 3 پٹرول پمپ کا کیش لوٹ لیا گیا، تینوں وارداتوں میں مجموعی طور پر 20 لاکھ کیش اور اسلحہ چھینا گیا۔
وارداتوں میں ملوث ملزمان کی فوٹیج اور تصویر دنیا نیوز نے حاصل کر لیں، پہلی واردات صبح ساڑھے 6 بجے سکھن کے علاقے میں ہوئی جہاں 4 ملزمان نے پہلے پٹرول پمپ کے سکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھینا اور کیشیئرسے 32 ہزار کیش چھین کر فرار ہو گئے۔
دوسری واردات صبح ساڑھے 11 بجے الکرم ایف سی ایریا میں کی گئی، جہاں پٹرول پمپ ملازمین ساڑھے 18 لاکھ بینک جمع کروانے جا رہے تھے کہ رانگ وے جاتے ملازمین کے پیچھے دو موٹر سائیکلوں پر 4 ملزمان آئے اور بیچ سڑک پر روک کر کیش چھینا اور فرار ہو گئے۔
تیسری واردات مومن آباد فقیر کالونی فلنگ سٹیشن پر کی گئی جہاں ایک موٹرسائیکل پر دو ملزمان کیشیئرز سے کیش چھین کر فرار ہو گئے، واردات میں ملوث ملزمان کے چہرے بہت واضح دیکھے جا سکتے ہیں، پولیس کی جانب سے تینوں واقعات کی فوٹیجز حاصل کر لی گئی ہیں۔