رواں مالی سال 3.5 فیصد جی ڈی پی گروتھ ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا: وزارت خزانہ

Published On 21 November,2023 10:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران 3.5 فیصد جی ڈی پی گروتھ کا ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا۔

نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا کہ رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ 2 فیصد سے 2.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، گزشتہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ 0.5 فیصد تھی جو رواں سال 2.5 فیصد تک متوقع ہے، رواں مالی سال کے دوران بجٹ میں جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 3.5 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فارن فنڈڈ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے ماہرین سے مدد طلب

وزارت خزانہ کے مطابق عالمی بینک، اے ڈی بی، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سمیت ڈونرز کے ساتھ ڈونر کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے عالمی ڈونرز سے موسمیاتی تبدیلی اور سماجی ترقی کیلئے قرض کی اپیل کی۔

عالمی ڈونرز کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ اقتصادی جائزہ مکمل ہونے پر معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا، نگران وزیرخزانہ شمشماد اختر نے عالمی ڈونرز سے بجٹری سپورٹ کی مد میں رقم جلد فراہم کرنے کی بھی اپیل کی۔