اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی بینک نے پاکستان کو درپیش 6 بڑے مسائل کی نشاندہی کر دی۔
عالمی بینک نے پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے ممکنہ اصلاحات پر مبنی رپورٹ جاری کرتے ہوئے پاکستان کو درپیش بڑے مسائل کی نشاندہی کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کو ہیومن کیپٹل کے بحران کا سامنا ہے، دستیاب انسانی وسائل کا کم استعمال پیداوار اور ترقی کو متاثر کر رہا ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 5 سال سے کم عمر 40 فیصد بچے اسٹنٹنگ کا شکار ہیں، پاکستان بھر میں دنیا میں سب سے زیادہ 2 کروڑ سے زیادہ بچے سکول سے باہر ہیں، دس سال سے کم عمر کے 79 فیصد بچے پڑھنے کی صلاحیت سے محروم ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کو بلند مالیاتی خسارے کا سامنا ہے، پاکستان کے ذمہ قرضے مقررہ قانونی حد سے زیادہ 78 فیصد کی بلند شرح پر ہیں، پالیسیوں میں عدم تسلسل کی وجہ سے سرمایہ کاری اور برآمدات کا فقدان ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا زرعی شعبہ غیر پیداواری اور جمود کا شکار ہے، پاکستان میں زرعی شعبے کا جی ڈی پی میں حصہ 23 فیصد ہے، زرعی شعبہ 40 فیصد لیبر فورس کو روزگار فراہم کرتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ توانائی کا شعبہ ناقابل انحصار اور معیشت پر بھاری ہے، توانائی شعبے میں گردشی قرضہ مالی مشکلات پیدا کر رہا ہے، پاکستان میں پالیسی فیصلوں کا محور ذاتی مفادات ہیں۔