وزیر خزانہ کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس، 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

Published On 11 December,2023 11:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی (ایکنک) نے 372 ارب روپے کے 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔

وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرصدارت نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق پورٹ قاسم تھرکول ریلوے منصوبے کیلئے 53 ارب 72 کروڑ، خیبرپختونخوا میں فوڈ سیکیورٹی منصوبے کیلئے 25 ارب مالیت منظور کر لی گئی۔

سندھ میں سیلاب سے تباہ سکولوں کی بحالی کے لیے 86 ارب ، خیبرپختونخوا میں پناہ گزینوں کے بچوں کی تعلیم کیلئے 32 ارب ، پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 16 ارب اور خیبرپختونخواہ میں24 ارب روپے کا ہیومن کیپیٹل انوسٹمنٹ پروجیکٹ منظور کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق خواتین کو روزگار سکیم کی فراہمی کیلئے چھوٹے قرضوں کی مد میں 31ارب ، پشاور ناردرن بائی پاس پروجیکٹ کیلئے 27 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔

گریٹر تھل کینال کے لیے 38 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری موخر کردی گئی جبکہ سکھر بیراج اور گڈو بیراج کی اپ گریڈیشن کے لیے 74 ارب روپے کا منصوبہ منظور کرلیا گیا۔