بنکوں کے وِنڈ فال منافع پر 40 فیصد ٹیکس عائد، واپڈا افسران کی مفت بجلی ختم کرنے کی منظوری

Published On 15 November,2023 07:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے بینکوں کے وِنڈ فال منافع پر 40 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دے دی۔

نگران وفاقی کابینہ نے اجلاس کے دوران بنکوں کے منافع پر 40 فیصد تک ونڈفال ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دے دی، آئی ایم ایف کے ساتھ بنکوں کے منافع پر 55 ارب روپے تک کا ونڈفال ٹیکس لگانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

بینکوں کے وِنڈ فال منافع پر ٹیکس 2021 اور سال 2022 میں زر مبادلہ کے لین دین سے حاصل منافع پر عائد کیا گیا ہے، کانگو، ملاوی، زیمبیا، زمبابوے اور جمہوریہ کرغز کو بزنس ویزا فہرست میں شامل کرنے کی بھی منظوری دے دیا گئی۔

نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران امپورٹ اور ایکسپورٹ پالیسی آرڈرز 2022 کی شرائط میں نرمی کے لیے وزیر تجارت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی میں وزیر قانون اور وزیر منصوبہ بندی بھی شامل ہوں گے۔

کابینہ نے بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں اور واپڈا کے افسران کی مفت بجلی ختم کرنے کی بھی منظوری دے دی، گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کو مفت بجلی کے بجائے نقد رقم دی جائے گی۔