اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس کل بروز بدھ طلب کر لیا گیا جس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت ہونے والے نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ 6 نکاتی ایجنڈے پر بھی غور کرے گی، اجلاس میں خلیجی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے پانچویں دور سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران پاکستان بزنس ویزہ آن لائن لسٹ میں مزید ممالک کو شامل کرنے کی منظوری لی جائے گی، آزاد جموں و کشمیر کونسل کے 2023ء تا 2024ء کیلئے بجٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ معمولی تبدیلی کے ساتھ حج پالیسی 2024ء ایک بار پھر کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی، بینکوں کو مالی سال 2021ء تا 2022ء میں زرمبادلہ پر غیر معمولی منافع پر ٹیکس کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔