تارکین وطن پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، سہولتیں فراہم کرینگے: نگران وزیر اعظم

Published On 14 November,2023 06:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نعمان مصطفیٰ کی سربراہی میں اوورسیز پاکستانیز کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ملکی معیشت میں اوورسیز پاکستانیوں کا کلیدی کردار ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ترسیلات زر کی قانونی اور محفوظ ذریعے سے منتقلی ملکی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے۔

وزیراعظم نے اوور سیز پاکستانیوں کو اپنی رقوم روشن ڈیجیٹل پاکستان اکاؤنٹ کے ذریعے منتقل کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ روشن ڈیجیٹل پاکستان اکاؤنٹ رقوم کی منتقلی کا محفوظ ذریعہ ہے جس کے استعمال سے ملکی معیشت کی بہتری میں کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیکس نظام میں بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے: وزیر اعظم

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، حکومت انہیں ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کرے گی، اوورسیز پاکستانیز کی سرمایہ کاری اور ان کی جائیداد وں کی حفاظت حکومتی ذمہ داری ہے اس سلسلے میں کسی کو تاہی کی گنجائش نہیں۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔