نگران وزیراعلیٰ کیلئے وفاق سے مشاورت کرکے خلا کو پُر کرینگے: گورنر خیبرپختونخوا

Published On 11 November,2023 04:47 pm

مردان: (دنیا نیوز) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کیلئے وفاق اور دیگر اداروں سے مشاورت کرکے خلا کو پُر کریں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کی اچانک رحلت سے دلی دکھ اور صدمہ ہوا، نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کی صوبے کے لئے تین عشروں سے خدمات تھیں، ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اعظم خان کا انتقال، گورنر خیبر پختونخوا نے انتظامی و آئینی امور سنبھال لیے

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کے حوالے سے وفاقی حکومت اور دیگر اداروں سے مشاور ت کریں گے، آئین اور قانون کے اندر نگران حکومت کے خلا کو پُر کریں گے، تاکہ الیکشن کی طرف بڑھ سکیں، ایسے الیکشن کے خواہاں ہیں جس پر کوئی پارٹی انگلی نہ اٹھا سکے۔

حاجی غلام علی نے کہا کہ میرا رول غیر جانبدار ہے، کسی جماعت پر الزام نہیں لگارہا، لیکن مہنگائی آئی ایم ایف سے معاہدے کی کڑی ہے، ایمل ولی کے آباؤاجداد سے تعلقات ہیں، ان کے گلے سنے ہیں، مولانا فضل الرحمان نے ہمیں کہا ہے کہ اے این پی سے ذاتی تعلقات ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ الیکشن ہم ایک دوسرے کے خلاف ضرور لڑیں گے لیکن رشتوں پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔