اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت ڈویلپمنٹ فنانشل انسٹی ٹیوشنزسے متعلق اجلاس ہوا۔
جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں چیئرمین ایس ای سی پی اور ڈی ایف آئیز کے سربراہان نے بھی شرکت کی، اجلاس میں پرائیویٹ ایکویٹی اور وینجر کیپٹل فنڈز کے قیام کی پیش رفت پر غور ہوا، ڈی ایف آئیز نے پرائیویٹ ایکویٹی اور وینجر کیپٹل فنڈز کے قیام میں مشکلات بارے آگاہ کیا۔
اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ ڈی ایف آئیز نے 30 ستمبر کو ہونے والی ملاقات میں فنڈز کے قیام کی حامی بھری تھی، وزیر خزانہ نے کہا کہ پرائیویٹ ایکویٹی اور وینجر کیپٹل فنڈز کے قیام سے ملک میں سرمایہ کاری میں بہتری آئے گی، فنڈز کے قیام سے ایس ایم ای سیکٹر اور سٹارٹ اپس کو کاروبار بڑھانے میں مدد ملے گی۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ ڈی ایف آئیز کیپٹل مارکیٹ کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں، ڈی ایف آئیز کا کام کمرشل بینکوں سے مختلف ہے اور یہ نظر بھی آنا چاہئے، وزیر خزانہ نے ایس ای سی پی کو ڈی ایف آئیز کے کردار میں تبدیلی کیلئے مدد فراہم کرنے کیلئے کہا۔