بجلی کے بعد گیس کے بلوں نے بھی عوام کے ہوش اڑا دیئے

Published On 19 December,2023 09:08 am

لاہور: (دنیا نیوز) بجلی کے بعد گیس کے بلوں نے بھی عوام کے ہوش اڑا دیئے، مختلف علاقوں سے گیس غائب مگر بل ہزاروں روپے آگئے۔

لاہور شہر کے مختلف علاقوں سے سوئی گیس غائب رہنے کے باوجود بھاری بھر کم بل آنے لگے، گیس کے بھاری بلوں نے گھریلو اور چھوٹے کمرشل صارفین کو پریشان کر کے رکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق رواں ماہ گیس بلوں میں فکسڈ چارجز بھی شامل کر دیئے گئے، 1.5 ایچ ایم تھری گیس کے استعمال تک بل کے ساتھ ایک ہزار روپے فکسڈ چارجز شامل کئے گئے ہیں، 1.5 ایچ ایم تھری گیس سے زائد استعمال پر 2 ہزار روپے فکسڈ چارجز لگائے گئے ہیں۔

گزشتہ روز انجمن تاجران ایسوسی ایشن نے گیس کے ہوشربا بلوں کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاج ریکارڈ کروایا جس میں مظاہرین نے سوئی ناردرن کمپنی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ہوٹل مالکان نے کہا ہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے تمام سلیب بھی تبدیل کر دیئے، اتنے بل کہاں سے ادا کریں، گیس بل بھی ادا کر رہے ہیں اور متبادل ایندھن بھی خریدنا پڑتا ہے،غریب کیلئے دو وقت کی روٹی محال ہو چکی ہے۔