اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے قرض پروگرام کیلئے اہداف طے کر لیے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایف بی آر ٹیکس ٹو جی ڈی پی 15 فیصد تک بڑھانے کا ہدف ہو گا، مرکزی بینک کے پاس زرمبادلہ ذخائر 3 ماہ امپورٹ بل کے برابر رکھنے کا ہدف رکھا گیا ہے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں کمی، پرائمری بیلنس سرپلس رکھنے کا ہدف بھی طے کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ بجٹ میں سبسڈی کا تعین بھی نئے قرض پروگرام کی شرط کے مطابق ہو گا، نگران حکومت نے نئی حکومت کیلئے معاشی روڈ میپ اور قرض پروگرام کیلئے ورکنگ تیار کی، موجودہ قرض پروگرام ختم ہونے کیساتھ آئی ایم ایف سے نیا قرض معاہدہ سائن ہوگا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے مزید کہا ہے کہ حکام کی جانب سے قرض معاہدے سے قبل آئی ایم ایف کو شرائط پر عملدرآمد کیلئے یقین دہانی کرائی جائے گی۔