لاہور: (دنیا نیوز) ٹیکس نیٹ میں اضافے کا مشن، حکومت نے تاجروں پر نیا ٹیکس لگا دیا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) نے تاجر دوست سپیشل پروسیجر 2024 کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تاجر دوست سپیشل پروسیجر کا اطلاق تاجروں اور دکانداروں پر ہوگا، سکیم کے تحت تاجروں اور دکانداروں کی رجسٹریشن یکم اپریل سے ہوگی۔
ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس کی پہلی وصولی 15 جولائی 2024ء سے ہوگی، ایڈوانس انکم ٹیکس کی 15 جولائی کے بعد ہر ماہ کی 15 تاریخ کو وصولی ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چھوٹے تاجروں، دکانداروں، ہول سیلرز، ریٹیلرز پر سکیم کا اطلاق ہو گا، مینوفیکچررز کم ریٹیلرز، امپورٹر کم ریٹیلرز پر بھی سکیم کا اطلاق ہوگا۔
رجسٹریشن کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ اور اسلام آباد میں ہوگی، تاجروں اور دکانداروں کیلئے کم از کم ایڈوانس ٹیکس 1200 روپے ہوگا، تاجر، دکاندار موبائل ایپ یا ایف بی آر کے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رجسٹریشن ٹیکس سہولت سینٹروں کے ذریعے بھی ہوسکے گی، رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 اپریل 2024 ہوگی۔