اسلام آباد: (دنیا نیوز) ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائزر کا دورہ پاکستان، مشترکہ طور پر نیو کنٹری شراکت داری فریم ورک کی تیاری پر اتفاق کیا گیا۔
ورلڈ بینک کے اعلامیہ کے مطابق ورلڈ بینک کے نائب صدر مارٹن رائزر تین روزہ دورے پر پاکستان آئے، نائب صدر ورلڈ بینک نے وزیراعظم سمیت وفاقی وزراء و اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، پاکستان کے ترقیاتی شراکت داروں اور سول سوسائٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔
ملاقاتوں کے دوران معاشی استحکام، جامع اور لچکدار ترقی کو تیز کرنے کیلئے عالمی بینک کی حمایت کا اعادہ کیا گیا، بات چیت میں اقتصادی اور مالیاتی اصلاحات، انسانی سرمائے کی ترقی پر گفتگو کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے موافقت، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے بات چیت کی گئی، دورے میں ترقی کے بنیادی نکات اور ڈیجیٹلائزیشن پر توجہ مرکوز کی گئی، ترقی کو فروغ دینے اور مزید نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے عمل پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔
مارٹن رائزر نے کہا کہ حکومت کے اصلاحاتی منصوبوں کے بارے میں جان کر خوشی ہوئی ہے، خیبرپختونخوا دورے کے دوران مارٹن رائزر نے صوبائی حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کی، صوبائی حکام سے بات چیت میں صوبائی ترقیاتی ترجیحات پر گفتگو کی۔
نائب صدر ورلڈبینک مارٹن رائزر نے کہا کہ عالمی بینک تعلیم، پانی اور صفائی، صحت، دیہی سڑکیں بنانے میں مدد فراہم کرسکتا ہے، عالمی بینک ذریعہ معاش، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز، ضم شدہ اضلاع میں اپنی مدد کو بڑھا سکتا ہے۔