وزیر خزانہ سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، معاشی استحکام کیلئے تعاون بڑھانے کا فیصلہ

Published On 13 March,2024 09:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی، کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے محمد اورنگزیب کو وزارت خزانہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزیرخزانہ اور کنٹری ڈائریکٹر نے معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا، کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے وزیرخزانہ کے وژن کو سراہا۔

وزیر خزانہ نے کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک کو اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا، وزیرخزانہ نے کہا کہ توانائی شعبے اور ایف بی آر میں اصلاحات سے پاکستان کو فائدہ ہو گا۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے اصلاحات اور معاشی استحکام کیلئے کنٹری ڈائریکٹر کو تعاون اور انرجی سیکٹر اور ایف بی آر میں اصلاحات کیلئے فنانسنگ کی درخواست کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران رواں مالی سال کے دوران عالمی بینک سے فنانسنگ کے حصول پر بھی بات چیت کی گئی، رواں مالی سال کے دوران عالمی بینک سے مجموعی طور پر 2 ارب ڈالر قرض ملنے کی توقع تھی۔