کراچی: (دنیا نیوز) فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے بعد آٹا چکی ایسوسی ایشن بھی میدان میں کود پڑی، آٹا چکی ایسوسی ایشن نے بھی فلور ملز کی ہڑتال کی حمایت کردی۔
آٹا چکی ایسوسی ایشن نے بھی گندم کی پسائی روک دی، کراچی، حیدرآباد میں آٹا چکیاں بند ہونا شروع ہوگئیں، آٹا چکیاں بند ہونے سے شہر میں آٹے کا بحران سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
فلور ملز نے ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں ہڑتال کی ہوئی ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں لاکھوں کلو آٹا سپلائی نہیں ہوسکا، فلور ملز بند ہونے سے بیکریوں، تندوروں اور ہوٹلوں کو آٹے کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔
فلور ملز کی ہڑتال طویل ہوتی ہے تو آٹے کی سپلائی بند ہونے سے تندور پر روٹیوں اور بیکری آئٹم کی قلت کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا۔