اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کی ہدایت پر تاجر دوست سکیم میں ریٹیلرز کی رجسٹریشن کیلئے ویلیو ایشن کے معاملہ پر ایف بی آر نے 42 شہروں کا ویلیو ایشن ٹیبل تاجر تنظیموں سے شئیر کردیا۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق ہر شہر کے تاجروں کی آمدن کی مطابق ٹیکس کو تجویز کیا گیا ہے، تاجروں کو چھ لاکھ روپے آمدن پر 12 سو روپے ٹیکس تجویز کیا گیا ہے، دس لاکھ روپے تک کی آمدن پر 60 ہزار روپے تک ٹیکس تجویز کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ 13 لاکھ 50 ہزار روپے آمدنی پر ایک لاکھ 20 ہزار روپے ٹیکس تجویز کیا گیا، 18 لاکھ 33 ہزار روپے آمدنی پر 2 لاکھ 40 ہزار روپے ٹیکس تجویز کیا گیا، 22 لاکھ 33 ہزار روپے آمدن پر 3 لاکھ 60 ہزار روپے ٹیکس تجویز کیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے تاجروں کو ماہانہ اقساط میں بھی ٹیکس ادائیگی کی سہولت کی پیشکش کردی، ایف بی آر حکام اور تاجر تنظیموں کے درمیان جمعہ کو ریجنل ٹیکس آفسز میں مذاکرات ہوں گے، تاجروں کی مشاورت کے بعد ایف بی آر ایس آر او جاری کرے گا۔