اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی ادارہ شماریات نے گزشتہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.12 فیصد کمی کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی 18.41 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر پیاز چھیاسی فیصد، دال چنا بیالیس اور خشک دودھ بتیس فیصد مہنگا ہوا۔ دال مونگ کی قیمت تیس فیصد اور لہسن کی اٹھائیس فیصد بڑھی۔
اس دوران گیس چارجز میں پانچ سو ستر فیصد اضافہ ہوا جبکہ کپڑے اور جوتے پچیس فیصد تک مہنگے ہوئے۔ سالانہ بنیاد پر گندم کا آٹا بتیس فیصد جبکہ کوکنگ آئل تقریباً ساڑھے فیصد سستا ہوا۔
گھی دس فیصد، انڈے آٹھ اور مرچ سات فیصد تک سستی ہوئی۔ گزشتہ ہفتے دو سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے چارجز میں کمی آئی۔ ایک سال کے دوران چھوٹے طبقے کیلئے بجلی چارجز میں تقریباً ساڑھے پندرہ فیصد تک کمی ہوئی اور اس کی بنیادی وجہ فیول پرائس چارجز اور فکسڈ چارجز میں کمی بتائی گئی ہے۔