عالمی منڈی میں سونا سستا، مقامی مارکیٹ میں مہنگا ہو گیا

Published On 23 August,2024 05:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عالمی سطح پر مسلسل دوسرے دن سونے کی قیمت میں کمی جبکہ مقامی سطح پر آج پھر سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 12 ڈالر کی کمی آئی، جس سے سونے کی نئی عالمی قیمت 2 ہزار 492 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی۔

دوسری جانب ملک میں 24 قیراط کے حامل سونے کی فی تولہ قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 62 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔

اسی طرح ملک میں فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 172 روپے کا اضافہ ہونے سے نئی قیمت 2 لاکھ 24 ہزار 623 روپے کی سطح پر آ گئی۔

ملک میں سونے کی قیمت میں اضافے کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2950 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2529.14 روپے کی سطح پر مستحکم ہے۔