اسلام آباد: (دنیا نیوز) پٹرولیم شعبے کے مسائل پر وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں منصوبہ بندی، پٹرولیم، توانائی کے وفاقی وزرا، سینئر حکام اور پٹرولیم شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کمیٹی نے پہلے اجلاس میں زیرغور آنے والے قابل عمل نکات کا جائزہ لیا، نائب وزیراعظم نے اب تک پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں توانائی کے مربوط پلان کو آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا، اجلاس میں سوئی گیس کمپنیوں کی تشکیل نو پر بھی بات چیت کی گئی۔
پٹرولیم مصنوعات کی تلاش کے آپریشنز کیلئے ون ونڈو سہولت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، پٹرولیم شعبے کے حوالے سے مشترکہ مفادات کونسل پر عملدرآمد کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا۔
اجلاس میں عالمی معیار کے مطابق پورٹ چارجز میں ردوبدل پر بھی غور کیا گیا، نائب وزیراعظم نے پٹرولیم انڈسٹری کو تعاون فراہم کرنے کے غیر متزلزل حکومتی عزم کا اظہار کیا۔