اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے یکم اکتوبر کے بعد نان رجسٹرڈ کاروبار کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
ایف بی آر دستاویز کے مطابق بے نامی اور جعلی ناموں سے کاروبار کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا، تھرڈ پارٹی کے ذریعے غیر رجسٹرڈ کاروبار کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ ملک میں سیلز ٹیکس کے صرف 3 لاکھ مینوفیکچرز رجسٹرڈ ہیں، یکم اکتوبر کے بعد 30 لاکھ دکانداروں کو سیلز ٹیکس میں رجسٹر کیا جائے گا، بے نامی بجلی و گیس میٹرز اصل مالکان کے نام منتقل کئے جائیں گے۔
ایف بی آر کی دستاویز میں کہا گیا کہ سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کا اطلاق کیا جائے گا، دکانوں اور کاروبار کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی، دکانوں کے کرائے اور لیز کی دستاویز کی کاپیاں بھی حاصل کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انفورسمنٹ اقدامات سے تقریباً 40 ارب سے زائد ریونیو حاصل کیا جائے گا۔