اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد پاکستان پر بڑھ رہا ہے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو نوکری ، گھر اور ترقی چاہیے، ملکی معیشت ترقی کرے گئی تو عام آدمی کو نوکری ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے،ملک میں مہنگائی کم ہو ئی ہے اور کھانے پینے کی اشیا بھی سستی ہورہی ہیں،زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد پاکستان پر بڑھ رہا ہے ،عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بلانے کا مقصد صرف یہی ہے کہ یہاں کی معیشت بہتر ہو، عوامی مسائل کا حل ترجیح ہے، آئی ٹی کی برآمدات کے فروغ پر توجہ دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ کسانوں کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، کہا جارہا ہے کہ اس سال ڈی جی پی کی شرح3فیصد پر آ جائے گی ۔
تحریک انصاف پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ تو کنٹینر لے کر وزیر اعظم ہاؤس گھس گئے تھے، آپ نے اپنے دور میں رانا ثنا اللہ پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ بنوایا ، اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ نوازشریف ، مریم نواز، شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر رہنماؤں پر مقدمات بنوائے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے آئی ایم ایف کو خط لکھا کہ انہیں قرضہ نہ دیا جائے، آپ نے حکومت کے ہر ملکی ترقی کے اقدامات کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی، اب فساد کی سیاست کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔