اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ افسران کو ایف بی آر اصلاحات کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں اصلاحات کی پیشرفت کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کی تعمیر نو کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے اور ملک میں سمگلنگ کی روک تھام کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
دوران اجلاس گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے افسران کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور اسے مؤثر طور پر بروئے کار لانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں، ملک میں ٹیکس اور محصولات کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر میں ٹیکس دہندگان کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے اور ایف بی آر اصلاحات کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔