مہنگائی کی شرح 15اعشاریہ 15 فیصد ریکارڈ، 13 اشیاء مہنگی، 10 سستی

Published On 25 October,2024 03:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں مہنگائی کی شرح معمولی کمی کے بعد 15 اعشاریہ 15 فیصد پر آگئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.22 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 15.15 فیصد پر آگئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں 51 میں سے 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 28 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریارت کے مطابق ایک ہفتے میں آلو 3.33 فیصد اور لہسن 2.97 فیصد مہنگا ہوا، دال مونگ 2.84 فیصد، انڈے 2.02 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ کیلے، ٹماٹر، گھی، جلانے کی لکڑی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 7.12 فیصد کمی آئی، پیاز فی کلو 5.07 فیصد، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1.16 فیصد سستا ہوا جبکہ دال ماش، چینی اور چنے کی دال سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔