اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےسکیورٹی ایکسچینج کمیشن پاکستان کا دورہ کیا۔
ایس ای سی پی سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید نے بریفنگ دی اور ایس ای سی پی کے اقدامات، اصلاحات اور کامیابیوں کے حوالے سے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا گیا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیر خزانہ کو پاکستان میں کاروبار میں آسانیوں کے متعلق، ریگولیٹری اصلاحات، سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اسی طرح فنانس تک رسائی کے ذریعے ٹیکنالوجی میں ترقی کے ثمرات بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئی ، محمد اورنگزیب بے کمپنیوں کو ون ونڈو حل اور دستاویز کی ڈیجیٹل فائلنگ کے اقدامات کو سراہا۔
ایس ای سی پی کے اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ وزیر خزانہ نے اسٹیک ہولڈرز کو فائدہ پہنچانے کیلئے آگاہی فراہم کرنے پر زوردیا جبکہ ایس ای سی پی کو پنشن اصلاحات کے موثر تعارف کیلئے حکومت کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔