سٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان، سرمایہ کاروں کو 629 ارب کا نقصان

Published On 21 December,2024 11:20 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوران منفی رجحان رہا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

سٹاک ایکسچینج کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں 100 انڈیکس میں 4788 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 100 انڈیکس 4.30 فیصد کمی سےایک لاکھ 9 ہزار 513 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 17 ہزار 39 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 5 ہزار 601 پوائنٹس رہی، ایک ہفتے میں 285 ارب روپے مالیت کا کاروبار ریکارڈ کیا گیا ۔

پی ایس ایکس کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران 5 ارب 75 کروڑ شیئرز کا لین دین کیا گیا ، شیئرز کی قیمت کم ہونے سے سرمایہ کاروں کو 629 ارب روپے کا نقصان ہوا ، ایک ہفتے میں مارکیٹ کپیٹلائزیشن میں 629 ارب روپے کمی ہوئی۔