اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان پاکستان کوریا اقتصادی شراکت داری معاہدے (ای پی اے) پر دستخط کرنے کے لئے جنوبی کوریا کے سرکاری دورے پر 8 جنوری کو روانہ ہوں گے۔
وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ دو روزہ دورہ دو طرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیر تجارت اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کریں گے جن میں کوریا میں پاکستانی کاروباری برادری، ممتاز کوریائی سرمایہ کار، کوریائی وزیر تجارت اور دیگر اعلی عہدیداروں سے ملاقاتیں شامل ہیں۔
اس اہم دورے کی تیاری کے لئے جام کمال خان کو گزشتہ روز متعلقہ سرکاری ونگز کی جانب سے ایک جامع بریفنگ دی گئی جس میں اس دورے سے وابستہ مقاصد، چیلنجز اور مواقع کا خاکہ پیش کیا گیا۔
جام کمال خان دورے کے دوران کوریا ٹریڈ ایسوسی ایشن (کے ڈبلیو ای ایم اے) کی قیادت اور بڑے سرمایہ کاروں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے، اس دورے میں بین الاقوامی اقتصادی انسٹی ٹیوٹ کے تھنک ٹینک کے صدر سے ملاقات کے لیے کوریا کے نئے دارالحکومت کا دورہ بھی شامل ہوگا۔