ملکی 90 فیصد تجارت سمندر سے ہوتی ہے: قیصر احمد شیخ

Published On 11 January,2025 05:08 pm

کراچی:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ ملکی90فیصد تجارت سمندرسے ہوتی ہے۔

شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ تعلیم کےشعبے پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ پاکستان کی90فیصد تجارت سمندرسے ہوتی ہے، جس کا شعبہ معیشت میں اہم کردار ہے، ملک میں سرمایہ کاری کا فروغ ترجیح ہے، حکومتی اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔

قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ گوادر بندرگاہ تجارت کا اہم گیٹ وے ہے، دنیاکی بڑی کمپنیاں تجارت کیلئےپاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں، ایران ، افغانستان اور بھارت سے علاقائی تجارت بہتر نہ ہونے سے ملکی تجارت کا 90 فیصد حصہ سمندر پر منحصر ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کا منافع 2023 میں 2 ارب ڈالر تھا اور سال 2024 میں منافع بڑھ کر 10 ارب ڈالر ہوگیا سال 2024 میں پورٹ قاسم نے 42 ارب روپے منافع کمایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کا خسارہ پانچ سالوں میں 6 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے، اداروں کے نقصانات کو ختم کیے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا ، پاکستانی بندرگاہوں پر غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری آنے والی ہے۔

قیصر احمد شیخ نے مزید کہا کہ مرسک لائن 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہی ہے، ابوظہبی پورٹ، دبئی ورلڈ کمپنیاں مزید انویسٹمنٹ کا پلان بنارہی ہیں، مرسک لائن نے بندرگاہوں کے اطراف علاقوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کی آفر کی ہے ڈنمارک کے تعاون سے شپ بریکنگ کیلئے گرین ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے۔