وزیراعظم کی بڑے مراکز پر عالمی معیار کے کارگو سکیننگ کا نظام قائم کرنے کی ہدایت

Published On 17 January,2025 05:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی اور تجارت کے دیگر بڑے مراکز پر عالمی معیار کے کارگو سکیننگ کا نظام قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کو ٹرانزٹ تجارت کا مرکز بنانے اور کارگو کی ٹریکنگ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ تجارتی مراکز سے ٹریکنگ، ٹریسنگ اور سکیننگ کے متروک نظام ختم کر کے جدید ٹیکنالوجی کے حامل نظام کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کارگو ٹریکنگ کی خدمات مہیا کرنے والے اداروں کے معیار کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریکنگ کے نظام میں بہتری سے سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے، سمگلنگ روکنے کی بدولت اس سال افغانستان کو 211 ملین ڈالر کی چینی کی برآمد ممکن ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ مواصلات کے مربوط نظام اور کارگو کی بہتر ٹریکنگ سے پاکستان علاقے کے دیگر ممالک کیلئے راہداری تجارت کا مرکز بنے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، چیئرمین ایف بی آر اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔